اپنا دیش

جنگجوؤں اور شہری کی ہلاکت کے خلاف کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں ہڑتال

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے چیوگام قاضی گنڈ میں پانچ مقامی جنگجوؤں اور ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں اتوار کو ہڑتال کی گئی۔ دریں اثنا وادی میں ریل خدمات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ جبکہ کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی بھی دوسرے دن میں داخل ہوگئی۔

جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کولگام اور اننت ناگ اضلاع کے بیشتر قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں اتوار کو ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں کوئی پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم بعض حساس علاقوں بالخصوص سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ضلع کولگام کے چیوگام قاضی گنڈ میں ہفتہ کو ایک مسلح تصادم میں پانچ مقامی جنگجو مارے گئے۔ جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف بھڑک اٹھنے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں ایک شہری ہلاک جبکہ قریب دو درجن دیگر زخمی ہوگئے۔ دریں اثنا وادی میں ریل خدمات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔

ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ’ریل خدمات کو آج (اتوار کے روز) دوسرے دن بھی معطل رکھا گیا ہے۔ معطلی کا فیصلہ ریاستی پولیس کے مشورے پر لیا گیا ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’ریاستی پولیس کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ریل خدمات کو بحال کیا جائے گا‘۔ اطلاعات کے مطابق کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات دوسرے دن بھی منقطع رکھی گئیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ خدمات کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے منقطع رکھی گئی ہیں۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close