اپنا دیشتازہ ترین خبریں

جموں کشمیر: جنگجو مخالف آپریشن میں 3 جنگجو، ایک فوجی اور ایک عام شہری ہلاک

وادی کشمیر میں جمعرات کو تین مختلف علاقوں میں چلائے جانے والے جنگجو مخالف آپریشنوں کے دوران 3 جنگجو، ایک فوجی اور ایک عام شہری جاں بحق ہوئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو میں جمعرات کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا جو لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر اور ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔

مہلوک جنگجو کی شناخت کھاہ گنڈ قاضی گنڈ (ضلع کولگام) کے رہنے والے محمد عاصف ملک ولد محمد نسیم ملک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوک فوجی کی شناخت 19 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے بوپیندر سنگھ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مسلح تصادم کے دوران زخمی ہونے والے ایک فوجی اہلکار کی شناخت کلونت سنگھ کی حیثیت سے ظاہر کی گئی ہے۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے پانزن چاڈورہ میں بھی جمعرات کی علی الصبح شروع ہونے والا مسلح تصادم دو مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ مارے گئے جنگجوؤں نے مبینہ طور پر ایک مقامی مسجد میں پناہ لے رکھی تھی۔ ادھر گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقہ نور باغ قمرواری میں سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران ایک عام شہری پر گولیاں چلاکر انہیں ہلاک کردیا۔ سیکورٹی ذرائع نے اس ہلاکت کو غلط شناخت کا معاملہ قرار دیا ہے۔

مہلوک نوجوان کی شناخت باغوان پورہ نورباغ کے رہنے والے 24 سالہ نوجوان محمد سلیم ملک ولد محمد یعقوب ملک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوک نوجوان محمد سلیم کو ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سری نگر کے وسیع وعریض عیدگاہ میں واقع مزار شہداء میں سپرد خاک کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اننت ناگ اور بڈگام میں جنگجوؤں جبکہ سری نگر کے نورباغ میں ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف ان تینوں اضلاع میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرین کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ تین اضلاع کے مختلف حصوں میں جمعرات کو ہڑتال کی گئی۔ انتظامیہ نے مزید احتجاجوں کو روکنے کے لئے جنوبی اور وسطی کشمیر کے 6 اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔ اس کے علاوہ وادی کشمیر میں چلنے والی ریل خدمات منقطع کردی گئی ہیں۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close