اپنا دیشتازہ ترین خبریں

جموں وکشمیر کے سابق چیف سکریٹری اقبال کھانڈے کا انتقال

جموں وکشمیر کے سابق چیف سکریٹری محمد اقبال کھانڈے انتقال کرگئے ہیں۔ وہ گذشتہ دو برسوں سے سرطان کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ رپورٹوں کے مطابق چند روز قبل ان کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں سری نگر کے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) میں داخل کرایا گیا جہاں انہوں نے اتوار کی رات دیر گئے زندگی کی آخری سانسیں لیں۔ 1978 بیچ کے آئی اے ایس افسر اقبال کھانڈے اگست 2015 میں چیف سکریٹری کے عہدے پر سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوگئے تھے۔

انہوں نے مختلف عہدوں بشمول ضلع مجسٹریٹ اور مختلف محکموں کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ اقبال کھانڈے سابق وزیر مفتی محمد سعید کے پرنسپل سکریٹری بھی تھے۔ وہ ایک قابل اور محنتی افسر سمجھے جاتے تھے۔ دریں اثنا ریاستی گورنر ستیہ پال ملک اور ان کی ٹیم نے سابق چیف سکریٹری کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ریاستی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ‘گورنر ستیہ پال ملک، ان کے مشیروں بی بی ویاس، کے وجے کمار، خورشید احمد گنائی اور کے کے شرما، چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم اور انتظامی سکریٹریوں نے سابق چیف سکریٹری محمد اقبال کھانڈے کے انتقال پر اپنے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے’۔

ریاست کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے بھی اقبال کھانڈے کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘اقبال کھانڈے صاحب کے انتقال سے انتہائی دکھ پہنچا۔ وہ جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری تھے۔ جب مجھے ریاست کو چلانے کا موقع نصیب ہوا تو انہوں نے میرے ساتھ بھی کام کیا۔ میں ان کے کنبے اور دیگر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ جنت نصیب کرے’۔ محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا ‘اقبال کھانڈے صاحب کے انتقال سے گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کے لئے کافی کام کیا ہے۔ میں سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ اللہ انہیں جنت الفردوس نصیب کرے’۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close