تازہ ترین خبریںدلی نامہ

جشن ریختہ کی پانچویں سہ روزہ تقریبات آج سے

جشن ریختہ کی پانچویں سہ روزہ تقریبات کا جمعے کو یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں افتتاح ہوگا۔ معروف روحانی شخصیت مراری باپواس جشن کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد انتہائی مقبول صوفی موسیقی کار اور قوال وڈالی برادران ان تقریبات کو اپنے نغموں سے رونق بخشیں گے۔

جشن میں ہر سال کی طرح امسال بھی چار اسٹیج ہوں گے اور چاروں پر ایک ساتھ مختلف رنگ اور ذائقوں کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ 15 دسمبر کوبزم خیال یعنی آڈیٹوریم میں اردو کے پرستاروں کے لیےممتاز فکشن نویس اقبال مجید اور رتن سنگھ کو سنا جانا ایک یاد گار تجربہ ہوگا۔ اس کے بعد گوپی چند نارنگ فیض احمد فیض کی زندگی اور ان کے عشق پر بات کریں گے، وہیں محفل خانے میں جاوید اختر اور شبانہ اعظمی جانثار اختر اور کیفی اعظمی کی زندگی اور شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ ہندی سے پرشوتم اگروال اورعبدل بسم اللہ معروف ٹی وی میزبان دبانگ کے ساتھ کبیر کی روحانی وراثت اور ان کے انہد ناد پر بات کریں گے۔

جشن ریختہ اپنی گزشتہ چار تقریبات کی غیر معمولی کامیابیوں کے سبب دنیا بھر میں اردو زبان و تہذیب کے سب سے بڑے جشن کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس مرتبہ بھی سال کے اختتام پر یہ جشن دلی اور باہر کے لوگوں کے لیے اردو زبان، ادب اور تہذیب کو قریب سے جاننے اور اس کے مختلف ذائقوں کو محسوس کرنے کا سبب بنے گا۔ 15اور 16 دسمبر کو ادبی مذاکرے، داستان گوئی، چہار بیت، ڈراما، قوالی، غزل سرائی، نوجوان شاعروں کی محفل، خواتین کا مشاعرہ، تمثیلی مشاعرہ، خطاطی، فلم اسکرینگ اور بہت سی دلچسپ تقریبات کے ذریعے اردو زبان اور اس کے تہذیبی رنگوں کو پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

جشن میں ہر بار کی طرح اس بار بھی ادب، فلم،تھیٹر اور آرٹ کی دنیا سے اہم ترین شخصیات شامل ہورہی ہیں، جن میں خاص طور پر معروف فکشن نویس اقبال مجید، گوپی چند نارنگ، شارب ردولوی، شمس الرحمان فاروقی، شمیم حنفی، ذکیہ مشہدی، رتن سنگھ، پرشوتم اگروال، صدیق الرحمان قدوائی ،سدھیر چندرا،جاوید اختر ، شبانہ اعظمی، مالنی اوستھی ،وشال بھاردواج، استاد اقبال احمد خان،انو کپور، محمود فاروقی، جاوید جعفری، گائتری اشوکن، شروتی پاٹھک، وارثی برادر، نوراں سسٹر، قابل ذکر ہیں۔

اردو تہذیب اور کلچر کی نمائندگی کے لیے اردو بازار کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، جس میں اردو تہذیب کی یادگاروں کو نمائش اورخرید و فروخت کے لیے پیش کیا جایے گا۔ کھانوں کے شوقین حضرات کے لیے ایک فوڈ کورٹ بھی لگایا جا رہا ہے جس میں کشمیری، حیدر آبادی، لکھنٔوی اور پرانی دلی کے ذائقوں کی بہار ہوگی۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close