Khabar Mantra
اترپردیش

بی جے پی نے شروع کی پارلیمانی الیکشن کی تیاریاں

سہارنپور پہنچے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ، ہر حال میں یہ سیٹ جیتنے کی بی جے پی کوشش

(سمیر چودھری/پی این این)
دیوبند:اترپردیش کا داخلہ کا دروازہ کہے جانے والے سہارنپور کی سیاست میں خاص اہم مقام رکھتا ہے ، یہاں سے اٹھنے والی سیاسی آواز کا احساس ضلع کی سرحدوں سے ملی ریاست اتراکھنڈ، ہریانہ اور ہماچل پردیش کے ساتھ ہی ریاست پنجاب تک کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ 2019کے پارلیمانی انتخاب میں سہارنپور پارلیمنٹ سیٹ بی جے پی کے ہاتھ سے نکل گئی تھی ، اس کی کمی ابھی تک بی جے پی قیادت بھول نہیں پائی ہے ۔ اس مرتبہ بی جے پی ہر حال میں اس پارلیمانی سیٹ پر بھگوا لہرانا چاہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کل وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع کا انتخاب ہوتے ہی سب سے پہلے سہارنپور کو ہی منتخب کیا، گزشتہ کل وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ سہارنپور آئے تھے تو ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے، لیکن ان کا پورا انداز بدلا ہوا تھا ، وہ پوری طرح سے انتخابی ماحول میں نظر آئے ۔ خاص بات یہ رہی ہے کہ بی جے پی عہدیداران کے مقابلے افسران کو ترجیح دینے والے یوگی آدتیہ ناتھ پہلی مرتبہ پارٹی عہدیداران کے حق میں کھڑے ہوئے نظر آئے۔
انہوں نے ہیلی کاپٹر سے اترتے ہی پولیس لائن میں سب سے پہلے پارٹی عہدیداران سے گفتگو کی۔ عہدیداران نے بھی وزیر اعلیٰ اترپردیش کے بدلے رخ کو دیکھتے ہوئے بغیر کسی خوف کے اپنے مسائل ان کے سامنے رکھے ، سب سے زیادہ عہدیداران کی شکایت یہ تھی کہ افسران ان کے جائز مسائل کا بھی حل نہیں کرتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے پورے ایک گھنٹہ سے زائد عہدیداران کی گفتگو کو بغور سنا اور ساتھ ہی انہیں ٹپس بھی دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر افسران ان کی باتوں پر توجہ نہیں دیتے ہیں تو وہ ثبوتوں کے ساتھ انہیں سیدھے طو رپر شکایت کریں ،لاپرواہ افسران پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترقیاتی کاموں کی جائزہ میٹنگ میں بھی پارلیمانی انتخاب کی تیاری صاف نظر آئی ۔ وزیر اعلیٰ نے سبھی عوام سے جڑے مسائل جیسے پانی ، بجلی، یونیورسٹی تک الیکٹرک بسوں کی آمد ورفت ، اسپورٹس کالج جیسے مسائل کو بھی ترجیح دی اور ساتھ ہی عوام سے سیدھے طورپر جڑے میڈیکل کالج کا بھی بغیر کسی پروگرام کے دورہ کیا ۔
اس سے صاف طور پر سیاسی گلیاروں میں پیغام دیا گیا کہ بی جے پی اس مرتبہ سہارنپور پارلیمانی سیٹ پر کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے ، اب آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ 2024کے ہونے والے پارلیمانی انتخاب میں وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی یہ کوششیں کتنی کارآمد ہوںگی۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close