تازہ ترین خبریںدلی نامہ

جان بوجھ کر ترقی سے دور رکھا گیا ہے دلت معاشرے کو

مہرشی بالمیکی جینتی کے موقع پر لال قلعہ پر وزیر اعلی اروندکجریوال کا خطاب، دلت تعلیم کے ذریعہ ترقی یافتہ بنیں

نئی دہلی(انور حسین جعفری)
دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے آج کہاکہ دلت معاشرے کو ستر سال سے جان بوجھ کرتعلیم اور ترقی سے دور رکھا گیاہے جبکہ دہلی میں عام آ دمی پارٹی کی حکومت نے محض پانچ سالوں میں اس معاشرے کو قومی دھارے سے جوڑ دیا ہے۔صرف تعلیم ہی ترقی کی کنجی ہے، جسے دہلی حکومت نے بالکل مفت کردیا ہے۔ وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہاکہ بھگوان بالمیکی ایک ایسے شخص تھے جنہوں نے مریادہ پروشتم رام کے بیٹوں لواورکش کو تعلیم دی تھی۔ اس سے ان کی عظمت کو آسانی سے سمجھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم بھگوان بالمیکی کو آئیڈیل مانتے ہیں تو ہمیں تعلیم پر تو جہ دینی ہو گی۔

وزیر اعلی اروند کجریوال آج دہلی کے مہاشری بالمیکی جینتی کے موقع پر تاریخی لال قلعہ پر مہاشری بالمیکی کمیٹی کی جانب سے منعقدہ پر وگرام سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ان کے ساتھ دہلی کے وزیر خوراک و رسد عمران حسین،رکن اسمبلی اجے دت، سابق رکن اسمبلی پرہلاد ساہنی بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں وزیر اعلی اروند کجریوا ل نے کہاکہ اب تک دیگر پارٹیوں کے لوگ چا ہتے تھے کہ دلت معاشرے کے لوگ صرف صفائی ملازم بنیں۔لیکن ہمارا خواب ہے کہ دلت، بالمیکی معاشرے کے بچوں کو ہم ڈاکٹر،انجینئر اوروکیل بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ جو باتیں والمیکی نے کہیں ہیں وہیں باتیں بابا صاحب امبیڈکر نے کہی ہیں۔ دونوں نے ہی کہا کہ ترقی کی چابی صرف تعلیم میں ہے۔ اسی وجہ سے دوسری پارٹیوں نے دور اقتدار میں سرکاری اسکول کی حالت خراب کی، تاکہ یہ لوگ پڑھ نہ سکیں۔

کجریوال نے کہاکہ اب ہمیں یہ طے کرنا چاہئے کہ ہم بھی اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دیں گے۔ پہلے دہلی کے سرکاری اسکولوں کی حالت خراب تھی۔ گذشتہ پانچ سالوں میں ’آپ‘ کی حکومت کے تحت وہ اسکول اب نجی اسکولوں میں شکل میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ اب آپ کے پاس ایک روپیہ بھی نہیں جا رہا ہے اور آپ کے بچوں کو بارہویں تک مفت اور اچھی تعلیم مل رہی ہے۔ دلت معاشرے کا بچہ کسی بھی امتحان کی تیاری کیلئے میڈیکل، انجینئرنگ یا کوچنگ کرنا چاہتا ہے، اس کی کوچنگ کے تمام اخراجات دہلی حکومت برداشت کرے گی۔

وزیر اعلی کجریوال نے کہا کہ جئے بھیم ا سکیم کے تحت ہم نے درزی کے بیٹے وجے کی کوچنگ کے تمام اخراجات اٹھائے۔ اسے آئی آئی ٹی میں داخلہ مل گیا۔ میرے بیٹے نے بھی آئی آئی ٹی میں داخلہ لیا۔ اب دونوں بچے ساتھ پڑھ رہے ہیں۔ایک لڑ کی ششی کا تعلق بھی دلت معاشرے سے ہے۔ اسے بھی داخل کرایا گیا تھا۔ میرا خواب دلت معاشرے کے بچوں کو اعلی تعلیم دلا کر ڈاکٹر انجینئر بنانا ہے۔ آج آپ کو دہلی حکومت پیسے کی کمی نہیں ہونے دیگی۔ جس کو اعلی تعلیم حاصل کرنی ہے وہ میرے پاس آئے اس کی تعلیم کا پورا خرچ دہلی حکومت اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت نے یہ بھی اہتمام کیا ہے کہ دلت معاشرے کے بچے سیول سروس یا کسی بھی مقابلے جاتی امتحان کی تیاری کرنا چاہتے ہیں تو ہم اسے سب سے بڑے کوچنگ سینٹر میں تعلیم فراہم کرائیں گے۔

ایم ایل اے اجے دت نے کہا کہ اروندکجریوال نے جو دلت سماج کیلئے کیا وہ آج تک کسی اور نے نہیں کیا۔’آپ‘ نے حکومت میں بالمیکی معاشرے کا ایک وزیر بنایا۔اس سماج کو لوک سبھا کا ٹکٹ دیا۔ جب بھی اس معاشرے کے لوگ وزیراعلیٰ کے پاس جاتے ہیں تو وہ ان کی مدد کرتے ہیں۔ اجے دت نے کہاکہ بالمیکی سماج کیلئے جو کجریوال نے کیا ہے اس کیلئے اروند کجریوال کا پسینہ بہے گا،وہاں باالمیکی معاشرے کا لہو بہے گا۔ والمیکی سماج ہی کیجریوال کو دوبارہ دہلی میں واپس لائے گا۔

اس موقع پر بلیماران سے میونسپل کو نسلرمحمد صادق،اجمیری گیٹ کے کونسلر را کیش کمار، چا ندنی چوک ’آپ‘ انچارج حاجی شکیل، نشا صدیقی سمیت دیگر ’آپ‘ لیڈران بھی موجود تھے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close