اپنا دیشتازہ ترین خبریں

تین سالہ بچی کی آبرو ریزی معاملہ: جموں وکشمیرہائی کورٹ نے پولیس کو دی جمعہ تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

جموں کشمیر ہائی کورٹ نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے ملک پورہ ترہگام سمبل میں 8 مئی کو پیش آئے ایک کمسن بچی کی آبرو ریزی کے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے کشمیر زون پولیس کے آئی جی سوئم پرکاش پانی سے جمعہ کی صبح دس بجے سے پہلے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

بتادیں کہ کمسن بچی کے دل دہلانے والے آبرو ریزی کے واقعے کے خلاف وادی بھر میں احتجاجوں کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ قصوروار کو فوری طور تختہ دار پر لٹکانے کا پُرزور مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل اور جسٹس تاشی رابستان پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے بدھ کے روز سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بشیر احمد ڈار کے ذریعے ریاستی پولیس کو یہ ہدایات جاری کیں۔ کورٹ نے بتایا کہ ایسے بھیانک واقعات کے ساتھ سختی سے نمٹنا ہے اور بچوں کو ایسے وحشت ناک واقعات سے محفوظ رکھنا ہے۔ سرکاری وکیل بشیر احمد ڈار نے کہا کہ وہ شام تک کیس کے متعلق تمام پیش رفتوں کو چیک کرکے کورٹ کو اس حوالے سے مطلع کریں گے۔

دریں اثنا پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بانڈی پورہ کی عدالت میں کمسن بچی کی آبرو ریزی کے واقعہ کے بارے میں سٹیٹس رپورٹ پیش کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ایک افسر نے منگل کے روز ضلع جوڈیشل مجسٹریٹ بانڈی پورہ راجا محمد تسلیم کے سامنے رپورٹ پیش کیا۔ تاہم پولیس نے کیس ڈائری ابھی پیش نہیں کی ہے جس کے لئے پولیس کو سی جے ایم بانڈی پورہ نے جمعرات تک کا وقت دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ‘منگل کے روز کیس کے بارے میں صرف سٹیٹس رپورٹ پیش کیا گیا، سی جے ایم نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو جمعرات کی شام تک کیس ڈائری پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں’۔ انہوں نے مزید بتایا ‘کیس ڈائری کو پیش نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ کیس کی کثیرالجہتی تحقیقات جاری ہیں’۔ قابل ذکر ہے کہ ریاستی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے جو واقعے کی تحقیقات میں جٹ گئی ہے۔ وادی کی سیاسی، مذہبی اور مزاحمتی جماعتوں نے اس انسانیت سوز واقعہ کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور قصوروار کو کڑی سزا دینے کی مانگ کی ہے۔

ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے لوگوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی اصل عمر کا پتہ لگانے کے لئے سائنسی طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن، آپسی بھائی چارے اور امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سمبل واقعہ کی تحقیقات تیز تر بنیادوں پر کی جاری ہے اور وہ ذاتی طور پر اس کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ تحقیقات کے عمل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔

شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد سلیمان چودھری نے کہا کہ سمبل میں 8 مئی کو پیش آئے تین سالہ بچی کی آبرو ریزی کے معاملے کی تحقیقات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close