تازہ ترین خبریںدلی نامہ

تین دن کے کرفیو کی افواہ پر چاندنی محل علاقہ میں مچی افراتفری

چاندنی محل تھانہ ایس ایچ او اور ایس ڈی ایم نے کی تردید، افواہوں پر نہ دیں دھیان، حسب سابق ہی رہے گا لاک ڈاؤن

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
پرانی دہلی کے چاندنی محل علاقہ میں آج صبح سے ہی گردش کر رہی تین دن کے کرفیو کی افواہ پھیل جانے سے آج افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ لاک ڈاؤن میں ضروری خریداری کے لئے دی جانے والی دوپہر دو بجے سے 6 بجے تک کی راحت ملتے ہی لوگ گھریلو ضروری سامان کی خریداری کیلئے دکانوں پردوڑ پڑے۔ جس سے پورے علاقہ میں ایک افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ جس پر چاندنی محل تھانہ کے ایس ایچ او بی کے سنگھ اور ایس ڈی ایم کوتوالی نے اس کی تردید کی۔ ایس ایچ او نے آڈیو کلپ جاری کرکے تین دن کے کرفیو لگائے جانے کی تردید کی اور لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی۔ جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔

آڈیو کلپ جاری کرکے تھانہ چاندنی محل کے ایس ایچ او بی کے سنگھ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ لاک ڈاؤن حسب سابق ہی رہے گا۔ کرفیو والی بات بالکل افواہ ہے، اس پر کسی کو توجہ دینے کی ضرروت نہیں ہے، اس طرح کا کوئی کرفیو نہیں لگایا جا رہا ہے۔ ایس ایچ او بی کے سنگھ نے عوام سے اپیل کی کہ جس طرح وہ اب تک لاک ڈاؤن پر عمل کر رہے ہیں اسی طرح کرتے رہیں۔ جب ضرورت ہو اسی وقت باہر نکلیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں ماسک لگائیں اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کریں۔ تہوار کے وقت بھی رمضان میں جس طرح اپنے گھروں میں عبادت کرتے آ رہے ہیں اسی طرح کرتے رہیں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ مارکیٹ میں جس طرح لوگ پٹری پر سامان لگا کر سامان بیجنے لگ جاتے ہیں، اس طرح پٹری پر دکان لگانا ممنوع ہے۔ لاک ڈاؤن میں صرف ضرروی اشیاء کی دوا، دکانوں، راشن، دودھ، بیکری، پھل سبزی وغیرہ ہی جس طرح کھلتی ہیں وہی کھلتی رہیں گی، پٹری پر دکان لگانے والوں کے خلاف کاروائی ہو رہی ہے اور آگے بھی ہوتی رہے گی۔ ساتھ ہی جو افواہ پھیلانے والے لوگ ہیں ان کو بھی ڈھونڈ کر ان کے بھی خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اس طرح کی افواہوں کو نہ سنیں اور نہ ہی پھیلائیں، نیز عوام کی مدد کرنے میں، خود کو اور سماج کو محفوظ رکھنے میں اور مارکیٹ صحیح طرح چلانے سمیت بھیڑ کو کنٹرول رکھنے اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کرانے میں جس طرح ہماری مدد کرتے رہے ہیں ہماری مدد کریں اور ہمارے ہاتھ مضبوط کریں۔ جو بھی شخص خلاف ورزی کرتا ملے گا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ ملک بھر سمیت راجدھانی دہلی میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اس لاک ڈاؤن 4 میں دہلی میں مختلف مشروط راحت دی گئی ہیں۔ لیکن ہاٹ اسپاٹ کنٹینمنٹ زون میں حسب سابق ہی لاک ڈائون جاری ہے۔ پرانی دہلی کا چاندنی محل تھانہ علاقہ کا کنٹیمنٹ زون ہونے کے سبب یہاں 10 اپریل سے گلی محلوں میں ٹین کی چادریں لگا کر انہیں سیل کیا گیا ہے۔ وہیں آر ٹی آئی اکٹیوسٹ شاہد گنگوہی نے ایس ڈی ایم کوتوالی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا تو ایس ڈی ایم نے ایسا کوئی کرفیو لگانے سے انکار کیا جس کی کال ریکارڈنگ عام کرنے پر لوگوں کو راحت ملی۔

واضح رہے کہ ایک ماہ سے بھی زیادہ عرصہ گزرنے پر بھی یہاں کورونا کا کوئی نیا کیس نہ ہونے پر سیاسی اور سماجی کارکنان کی جانب سے حکومت اور ایل جی سے یہاں سے ٹین کی چادریں ہٹانے اور راستہ کھولنے کی اپیل کی گئی، لیکن ابھی بھی چاندنی محل تھانہ علاقہ سیل ہے۔ جہاں آج اچانک یہاں 72 گھنٹے کا مکمل کرفیوں لگائے جانے کی افواہ پھیل گئی تھی۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close