تازہ ترین خبریںدلی نامہ

تیسری مرتبہ وقف بورڈ کے چیئرمین منتخب ہوئے امانت اللہ خان

دہلی وقف بورڈ کے آفس میں ممبران اور بورڈ عملہ نے کیا شاندار استقبال، دہلی کی عوام اور وزیر اعلی کا شکریہ، وقف بورڈ کے رکے ہوئے کام مکمل کرنا اولین ترجیح: امانت اللہ خان

نئی دہلی، (پی این این)
بالآخر 9 ماہ کے طویل انتظار کے بعد آج امانت اللہ خان ایک مرتبہ پھر دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین منتخب کر لیئے گئے۔اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی اور دہلی وقف بورڈ کے سابق چیئرمین رہے امانت اللہ خان کو آج ڈویزنل کمشنر کے آفس میں تمام ممبران کے ذریعہ بلامقابلہ دہلی وقف بورڈ کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔

طے شدہ شیڈیول کے مطابق آج 5 بجے شام ڈویزنل کمشنر کے آفس میں وقف بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کے لیئے تمام بورڈ ممبران کی میٹنگ ہوئی جس میں ساتوں ممبران میں سے سابق ایم پی زمرہ سے ممبر پرویز ہاشمی کے علاوہ تمام ممبران نے شرکت کی اور متولی زمرہ سے ممبر چودھری شریف نے چیئرمین کے لیئے امانت اللہ خان کا نام پیش کیا جس کی رضیہ سلطانہ نے تائید کی جس کے بعد باقی تمام موجود ممبران نے بھی امانت اللہ خان کے حق میں اپنی حمایت پیش کی جس کے بعد 6بجے تک امانت اللہ خان کے دہلی وقف بورڈ کا چیئرمین منتخب ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔

امانت اللہ خان کے وقف بورڈ کا چیئرمین منتخب ہوتے ہی دہلی کے مسلمانوں اور امانت للہ خان کے چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ چیئرمین منتخب ہوتے ہی امانت اللہ خان سیدھے دہلی وقف بورڈ آفس پہونچے جہاں بورڈ ممبران اور وقف بورڈ کے عملہ کے علاوہ معزز سماجی کارکنان اور ذمہ داران نے امانت اللہ خان کا استقبال کیا۔ سب سے پہلے وقف بورڈ کے سیکشن آفیسر حافظ محفوظ محمد اور سیکشن آفسیر نشاب احمد خان کے ذریعہ گلدستہ پیش کرکے اپنے نومنتخب چیئرمین کا استقبال کیا گیا اس کے بعد چیئرمین صاحب کے پی اے اور بورڈ ملازمین کے نمائندہ فیروز خان نے تمام ملازمین کی جانب سے امانت اللہ خان کی خدمت میں گلدشتہ پیش کرکے مبارکباد دی۔

نو منتخب چیئرمین امانت اللہ خان نے اس موقع پر تمام دہلی والوں اور وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ میں انشاءاللہ ایک مرتبہ پھر وزیر اعلی اروند کیجریوال اور دہلی کے لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا۔ امانت اللہ خان نے آگے کہاکہ میری سب سے اولین ترجیح دہلی وقف بورڈ کے رکے ہوئے کاموں کو پورا کرنے پر مرکوز ہوگی اور انشاءاللہ ایک ہفتہ کے اندر جن ملازمین کی تنخواہیں رکی ہوئی ہیںانھیں جاری کردیا جائے گا۔

امانت اللہ خان نے ملازمین کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ آپ اسی طرح لگن اور محنت سے کام کرتے رہئیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وقف بورڈ ہمارے اسلاف کی میراث اور ایک قیمتی امانت ہے اور ایک بہت بڑی ذمہ داری کا کام ہے انشاءاللہ میں پوری امانت داری اور دیانتداری کے ساتھ ملت کے اس ادارہ کی ترقی کے لیئے کوشاں رہوں گا اور اپنے اسلاف کی اس میراث کی حفاظت کے لئے جو کچھ بھی ممکن ہوسکا کرنے سے گریز نہیں کروں گا۔ اس سے قبل وقف بورڈ کے ممبر ایڈوکیٹ حمال اختر نے عام آدمی پارٹی حکومت اور وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وزیر اعلی نے وقف بورڈ کی ذمہ داری ایک ایسے شخص کو سونپی ہے جس نے پوری امانت داری کے ساتھ وقف بورڈ کی خدمت کی ہے اور انشاءاللہ آگے بھی ان سے یہی امید ہے۔

چودھری شریف نے کہا کہ ہمیں اپنے چیئرمین سے بہت امیدیں ہیں اور انشاءاللہ وہ وقف بورڈ کی ترقی کے لیئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں سماجی کارکنان کے علاوہ وقف بورڈ کا عملہ، دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان، اوکھلا سے بڑی تعداد میں امانت اللہ خان کے چاہنے والے موجود رہے اور انھیں تیسری مرتبہ وقف بورڈ کا ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close