Khabar Mantra
تازہ ترین خبریںدلی این سی آر

’مسجد سے امت کی دستبرداری نہیں ہو سکتی‘

ڈاکٹر مفتی مکرم نے کی سی اے اے مخالف خاتون مظاہرین پر یوپی میں مظالم کی پرزور مذمت

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
شاہی فتح پوری مسجد کے امام مولانا ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے آج کہاکہ بابری مسجد کے متبادل کے طور پر زمین لینے سے مسجد سے امت کی دستبرداری نہیں ہو سکتی۔ مسجد کا تو کوئی بھی جگہ متبادل نہیں ہوسکتی۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اگر حکومت عمل کرنا چاہتی ہے تو ایودھیا میں ہی جگہ دے۔ بہتر تو یہی ہے کہ مسجد کے متبادل کے طور پر کوئی جگہ نہ لی جائے اور اس مسئلہ پر امت مسلمہ اتفاق کے ساتھ فیصلہ کرے۔ ڈاکٹر مفتی مکرم آج شاہی فتح پوری مسجد میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کر رہے تھے۔

مولانا مفتی مکرم نے یوگی حکومت کی پولیس کی جانب سے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کی مخالفت میں پر امن خاتون مظاہرین پر تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن مظاہرے کرنے والے مکمل طور پر قانون اور آئین پر عمل کر رہے ہیں تو ان پر شدید مظالم کا کیا جواز ہے۔ انہوں نے یوپی میں خواتین اور پُرامن مظاہرین پر پولس کی بربریت اور شدید مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جمہوری اقدار پر عمل کرنے کے لئے یوپی حکومت کو ہدایت کی جائے۔ مفتی مکرم نے کہا کہ سی اے اے کے خلاف پرامن مظاہروں کو روکنے کیلئے یوپی حکومت پرامن شہریوں پر لاٹھی ڈنڈے برسا رہی ہے آنسو گیس کے گولے داغے جا رہے ہیں، عورتوں پر رات کی تاریکی میں پانی کی بوچھار کی جا رہی ہے اور پولس ظلم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ کتنے ہی لوگ پولس کی گولیوں سے شہید ہو چکے ہیں، یہ سب بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ مظاہرین کے مطالبات پر غور کیا جائے۔

ڈاکٹر مفتی مکرم نے دہلی کے عوام سے دہلی اسمبلی الیکشن کے سلسلے میں کہاکہ 8 فروری کو الیکشن میں حصہ لیں دوسروں کی مدد کریں اور اپنے ووٹ کا استعمال ضرور کریں کیوں کہ یہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، گھروں میں نہ بیٹھے رہیں باہر نکلیں، اپنا ووٹ ضرور ڈالیں اور اچھے امیدوار کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ اشتعال پھیلانے کی کوشش کریں ان کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے یہ خبر دی ہے کہ کنگ فہد قرآن کریم کمپلکس نے جو قرآن کریم عبرانی زبان میں ترجمہ کرکے شائع کیا ہے اس میں تین سو غلطیاں ہیں اور کچھ غلطیاں تو ناقابل برداشت ہیں۔

مفتی مکرم نے سعودی حکومت سے اپیل کی کہ اس اعتراض پر تحقیق کی جائے اور اگر یہ خبر درست ہے تو ان غلطیوں کی جلد سے جلد اصلاح کرکے انہیں درست کیا جائے اور اس سلسلے میں آئندہ بھی احتیاط سے کام لیا جائے۔ مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے اپنے خطاب میں نوجوانوں سے اپیل کی کہ محنت اور سچی لگن کے ساتھ ہر کام انجام دیں ان شاء اللہ ضرور مدد ملے گی۔ قرآن کریم میں بھی محنت کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close