بہار- جھارکھنڈتازہ ترین خبریں

بہار میں سی اے اے، این آرسی، این پی آر کے لئے کوئی جگہ نہیں: تیجسوی یادو

بہار کے دار الحکومت پٹنہ کے سبز ی باغ میں سی اے اے، این آر سی، این پی آر کی مخالفت میں منعقدہ دھرنا میں آج آٹھویں دن بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو شریک ہوئے اور کہاکہ کسی بھی قیمت پر ہم اس کالے قانون کو بہار میں نافذ نہیں ہونے دیںگے چاہیں اس کے لئے ہمیں خون ہی کیوں نہیں دینا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے نظریات سے کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا اور یہ حوصلہ ہم کو آپ لوگوں کی بالخصوص یہاں پر موجود ماﺅں بہنوں سے ہم میں ملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لالوجی بیمار ہیں لیکن ابھی زندہ ہیں۔ اس لئے ہم لوگ اس قانون کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔

مسٹر تیجسوی نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک کا نام لیتے ہوئے کہاکہ یہ مودی حکومت جس نے ڈاکٹر ذاکر نائک کے خلاف ہر طرح کا حربہ استعمال کیا لیکن ابھی حال ہی میں ڈاکٹر ذاکر نائک کا ویڈیو اور بیان جاری ہوا ہے جس میں صاف کہا گیا ہے کہ مودی حکومت ان سے کشمیر کے سلسلے حمایت دینے پر وہ ان پر لگائے گئے تمام الزمات واپس لے گی۔ یہ ہے مودی حکومت۔ ساتھ ہی اپنی تقریب میں مسٹر تیجسوی یادو نے کہاکہ ان مظاہروں کا اثر ہی ہے کہ مودی نہ اپنے ملک اور نہ ہی بیرون ملک جا پا رہے ہیں۔

مسٹرتیجسوی یادو نے یہ بھی کہاکہ اگر مودی حکومت ووٹر کارڈ، آدھار کارڈ اور پاسپورٹ کو ہماری شہریت کا ثبوت نہیں مانتی ہے تو اسی ووٹر کارڈ کے ذریعہ یہ منتخب مودی حکومت کیسے اس قانون کے بنانے کی اہل ہے۔ اگر ہمارا آئی ڈی ہماری شہریت ثابت نہیں کرتا ہے تو اس سے منتخب مودی حکومت بھی غیر اہل ہے اور آدھار کارڈ کو نہیں مانتی ہے تو اسے بینک سے کیوں لنک کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ قانون ملک کے تمام لوگوں کے لئے خطرناک ہے۔ آج مسلمان اس کی زد میں ہوں گے کل دلت اور پسماندہ اس کی زد میں ہوں گے۔ اس لئے ہم اس قانون کو کسی بھی صورت میں ریاست میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے جامعہ میں ہوئے پولیس تشدد پر بھی اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا اور پولیس مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور انہوں نے اس تحریک میں جن لوگوں کی اموات ہوئی ہے ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں ہوگی۔

انہوں نے بی جے پی اور گودی میڈیا پر بھی جم کر حملہ کیا اور کہاکہ ٹی ٹی ایم یعنی تابڑ توڑ تیل مالش میڈیا ہے جو صرف مودی بھکتی میں مصروف ہے۔ اس لئے اس میڈیا سے ہوشیار رہنا کیونکہ یہ مودی اور امت شاہ کو خوش کرنے میں آپ لوگوں کی تحریک کو ناکام بنانانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کا ماننا تھا کہ میڈیا جمہوریت کا چوتھا ستون ہوتا ہے لیکن آج کی یہ میڈیا گاندھی کے نظریات کو نہیں مانتی بلکہ نوٹ پر جو گاندھی کی تصویر چھپی ہے اس کے یہ پجاری ہے۔

تیجسوی نے وزیراعظم مودی کے اسٹائل میں کہاکہ بی جے پی والے کہتے ہیں کہ ہم لوگ آپ کو بہکاتے ہیں انہوں نے سوالیہ لہجوں میں کہاکہ کیا ہم آپ کو بہکارہے ہیں تو اس پر مجمع میں لاکھوں افراد نے کہاکہ نہیں۔ اخیر میں مسٹر تیجسوی یادو نے اس تحریک کی کامیابی کیلئے دعائیں کرتے ہوئے اپنی تقریر کو ختم کیا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close