اترپردیشتازہ ترین خبریں

بلند شہر تشدد: ملزم پرشانت نٹ کے گھر سے سبودھ کمار کا سی یوجی موبائل برآمد

اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے سیانا علاقے میں گذشتہ تین دسمبر کو پیش آئے پرتشدد واقعہ میں شہید سب انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا لوٹا گیا سی یو جی موبائل فون پولیس نے جیل میں بند ملزم پرشانت نٹ کے گھر سے برآمد کیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہر) اتل سریواستو نے اتوار کو بتایا کہ گذشتہ تین دسمبر کو سیانا کوتوالی علاقے میں چنگراوٹھی میں گئوکشی کی خبر کے سلسلے میں پولیس اور مقامی باشندوں کے درمیان ہوئے پرتشدد جھڑپ میں سیانا کوتوالی انچارج سب انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور ایک نوجوان کی موت ہوگئی تھی۔ شرپسند عناصر نے اس دوران سبودھ کمار سنگھ کا سی یو جی فون اور پستول بھی لوٹ لیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کی رپورٹ چنگراوٹی چوکی کے داروغہ سبھاش سنگھ نے درج کرائی تھی۔ جس میں 27 لوگوں کو نامزد کیا گیا تھا۔ وہیں 60 تا 70 نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ نامزد ملزمین میں بجرنگ دل کا ضلع صدر یوگیش راج، یوا بی جے پی سیانا کا صدر شکھر اگروال، وی ایچ پی کے سابق ضلع صدر اوپیندر راگھو سمیت سخت گیر تنظیموں کے کئی ذمہ دار اس میں شامل ہیں اب تک 37 ملزموں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ان میں پرشانت نٹ اور فوجی کا جوان جیتو فوجی بھی شامل ہیں۔

ایس پی نے بتایا کہ یوں تو پورے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی کر رہی ہے۔ اطلاع ملی تھی کہ شہید انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا سی یو جی فون گاؤں نیا بانس باشندہ پرشانت نٹ جو اس وقت جیل میں ہے نے اپنے گھر میں چھپا رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے سی جے ایم اودھیش پانڈے کی عدالت سے پرشانت نٹ کے گھر کی تلاشی کا وارنٹ حاصل کیا اور سنچر کی رات پولیس سب انسپکٹر راگھویندر مشر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے پرشانت نٹ کے گھر کی تلاشی لی جہاں پولیس کو اس کے گھر سے سات موبائل برآمد ہوئے ہیں ان میں سے ایک موبائل شہید انسپکٹر سبودھ کمار کا ہے۔ باقی موبائل فون کس کے ہیں پولیس اس کی جانچ کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبودھ کمار سنگھ سے لوٹی گئی پستول ابھی تک نہیں ملی ہے۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close