Khabar Mantra
آئینۂ عالمتازہ ترین خبریں

چین میں کورونا وائرس کا قہر جاری: 563 افراد ہلاک، 28ہزار متاثر

چین کے صوبے ہوبی میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 73 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 563 ہو گئی ہے۔ چین میں صرف ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے 2987 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پانچ فروری کو ملک بھر میں ان کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار 18 ہو گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق چین کے علاوہ اب تک 31 ممالک میں کرونا وائرس سے 258 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان سمیت چین کے مزید شہروں کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جب کہ ہزاروں افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ صوبہ ہوبی کے علاوہ ٹیانجن، جنوب مشرقی صوبے ہیلونگجیانگ اور صوبہ گنزوہو میں بھی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

‘رائٹرز’ کے مطابق صوبہ ہوبی پچھلے دو ہفتوں سے لاک ڈاؤن ہے۔ ریلوے اسٹیشنز اور ائیرپورٹس بند اور سڑکیں سیل ہیں۔اب تک چین کے علاوہ فلپائن اور ہانگ کانگ میں بھی دو افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں ہیں۔ ان دونوں افراد نے ووہان کا حال ہی میں دورہ کیا تھا جہاں اب تک 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جاپان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ٹوکیو کے جنوب میں بندرگاہ یوکوہاما میں کروز لائنر پر سوار دس افراد میں بھی وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکہ میں ووہان سے مزید 350 امریکی شہریوں کو چین سے نکال کر کیلی فورنیا کے دو فوجی اڈوں پر واقع قرنطینی میں رکھا ہے۔ امریکہ سمیت دو درجن سے زیادہ فضائی کمپنیوں نے چین اور دیگر متاثر ممالک کے لیے پروازیں معطل یا محدود کر دی ہیں۔ چین میں دو ہفتوں سے کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

ہانگ کانگ نے کہا ہے کہ چین سے آنے والے تمام افراد کو دو ہفتوں کے لیے علیحدہ رکھا جائے گا جب کہ تائیوان نے گزشتہ 14 دن کے دوران چین میں مقیم غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی میں توسیع کر دی ہے۔ادھر عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ماہرین اگلے ہفتے تک جنیوا میں اکھٹے ہوں گے تاکہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے جلد از جلد ویکسین دریافت کی جاسکے۔ چین کی وزارت نیشنل ہیلتھ کے ایک بیان کے مطابق نائب وزیر خارجہ لی یوچینگ نے کہا ہے کہ چینی عوام وبا سے نمٹنے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے اور پْر امید ہیں کہ جلد یہ جنگ جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close