تازہ ترین خبریںدلی نامہ

اپنے بچوں کو ’چوکیدار‘ بنانا چاہتے ہیں تو مودی کو ووٹ دیں: اروند کیجریوال

بی جے پی کی ’میں بھی چو کیدار مہم‘ پر وزیر اعلی اروند کجریوال نے کیا طنز

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
لو ک سبھا انتخابات کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی سیاسی گہماگہمی شروع ہوگئی ہے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر زبانی حملے بھی جاری ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کے کٹّر حریف مانے جانے والے دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے آج ایک بار پھر اپنے ایک ٹویٹ میں بی جے پی کی ’چو کیدار مہم‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلی کجریوال نے کہا کہ ’مودی جی پورے ملک کو چوکیدار بنانا چاہتے ہیں‘۔ اپنے ٹویٹ میں انھوں نے کہاکہ اگر ’آپ بھی اپنے بچوں کو چوکیدار بنانا چاہتے ہیں تو مودی جی کو ووٹ دیں اور اگر آپ اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دے کر ڈاکٹر، انجینئر، وکیل بنانا چاہتے ہیں تو پڑھے لکھے ایماندار لوگوں کی پارٹی، عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں‘۔ واضح رہے کہ بی جے پی کی جانب سے میں بھی ’چو کیدار مہم‘ شروع کی گئی ہے، جس میں لوگ اپنے نام کے آگے ’چوکیدار‘ لکھ رہے ہیں۔

اپنے ایک اور ٹویٹ پر وزیراعلی اروند کجریوال نے مرکزی وزیر ارون جیٹلی کی بات پر بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے منہ سے جمہوریت اور تعاون کی بات اچھی نہیں لگتی۔ آپ نے دہلی کے لوگوں کا ہر کام روکا۔ اسکول، اسپتال، سی سی ٹی وی، محلہ کلینک کو روکا ہے۔ اپنے دہلی والوں کے کام کرانے کے لئے ہم آپ کے سامنے روئے گڑگڑائے جبکہ ایک مرتبہ تو دس دن بھوک ہڑتال بھی کرنی پڑی۔ کیا یہی تعاون ہوتا ہے۔

بی جے پی کی ’چو کیدار مہم‘ پر طنز کرتے ہوئے ’آپ‘ کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے کہا کہ اگر لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے چو کیدار بنیں تو انہیں وزیراعظم نریندر مودی کو ووٹ دینا چاہیے اور اگر وہ اچھی تعلیم چاہتے ہیں، تو انہیں عام آدمی پارٹی کے حق میں ووٹ کرنا چاہئے۔ مودی چاہتے ہیں کہ پورا ملک چو کیدار بننے کی کوشش کرے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے اپنے حامیوں سے ’میں بھی چو کیدار‘ مہم کو آگے بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاتھا کہ بدعنوانی اور سماجی برائیوں کے خلاف جنگ میں وہ اکیلے نہیں ہیں۔ اس کے بعد سے پارٹی کے صدر امت شاہ، پارٹی لیڈران اور عہدیداران نے خود کو اس مہم سے جوڑنے کےلئے اپنے ناموں کے آگے ’چو کیدار‘ لکھ لیا ہے۔

بتا دیں کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے موضوع پر الیکشن میں اتری عام آدمی پارٹی کی جانب سے مودی حکومت کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آپ‘ کی جانب سے پریس کا نفرنس، عوام کے درمیان اور ٹویٹ کے ذریعہ وزیر اعظم مودی کو نشانہ اور ’آپ‘ کو ووٹ دینے کی اپیل کی جا رہی ہیں۔ دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے عوامی جلسوں میں یہ واضح پیغام بھی دیا ہے کہ اگر ملک میں مودی اور امت شاہ کی جوڑی دوبارہ آئی تو ملک سے جمہوریت کو ختم کر دیا جائے گا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close