اترپردیشتازہ ترین خبریں

اناؤ ریپ معاملہ: سی بی آئی نے درج کی ایف آئی آر

اناؤ ریپ کیس متاثرہ کے ساتھ اتوار کو رائے بریلی میں پیش آئے سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والی متاثرہ کی چچی کی آخری رسومات کی ادائیگی بدھ کو اناؤ کے گنگا گھاٹ پر کر دی گئی۔

منگل کو سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن(سی بی آئی) نے متأثرہ کے کار کے ساتھ پیش آئے سڑک حادثے کی جانچ کی ذمہ داری لے لی۔ اس حادثے میں متاثرہ اور اس کے وکیل شدید طور سے زخمی ہیں ان کی حالت کافی نازک ہے جبکہ اس کی چچی سمیت دو افراد کی موت ہوگئی۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی(کے جی ایم یو) میں زیر علاج متأثرہ اور اس کے وکیل کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹروں نے بتایا کہ کہ دونوں کی حالت بہتر مگر نازک ہے۔ دونوں وینٹی لیٹر پر ہیں۔

متأثرہ کے چچی کی آخری رسومات کی ادائیگی ان کے شوہرمہیش سنگھ کے ایک دن کے پیرول کے بعد آج اناؤ میں شکلا گنج کے گنگاگھاٹ پر سخت سیکورٹی میں انجام دی گئی۔ متأثرہ کے اہل خانہ نے بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر پر جان سے مارنے کے لئے سازش رچنے کا الزام عائد کیا ہے۔

وہیں اس درمیان اس ضمن میں ملزم ایم ایل اے سینگر اور ریاستی حکومت کے درمیان چل رہے خفیہ گٹھ جوڑ سے ریاست کے گورنر آنندی بین پٹیل کو آگاہ کرنے کے لئے مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈر راج بھون میں اکٹھا ہوئے اور گورنر سے ملاقات کی۔ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو اور دہلی خاتون کمیشن کی چئیر پرسن سواتی مالیوال نے گورنر سے ملاقات کی اور بی جے پی ایم ایل اے کے خلاف کاروائی کے لئے اپنے مطالبات کے لئے علیحدہ علیحدہ میمورنڈم سونپا۔

وہیں اس ضمن میں آواز اٹھانے کے معاملے میں دیگر اپوزیشن پارٹیوں پر سبقت لے جانی والی کانگریس نے بدھ کو بی جے پی ایم ایل اے اور اس کے حامیوں کے خلاف سخت کاروائی کے مطالبے کے ساتھ جی پی او پر ایک دن کا ’اپواس‘ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر بشمول ایم ایل اے اجے کمار للو منگل کی دیر رات تک اس معاملے میں متحر ک رہے۔ریپ متأثرہ کے زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہونے کی کچھ رپوٹ ملتے ہی دیر رات تقریبا 300 پارٹی کارکن اور دیگر لیڈر ریاستی دفتر میں موجود رہے۔

سی بی آئی نے پوپی پولیس سے اس معاملے کو اپنے ہاتھوں میں لینے کے بعد نئی ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایس پی راگھویندر وستا نے سی بی آئی پولیس اسٹیشن پر آئی پی سی کی دفعات 120 بی، 302، 307،اور 506 کے تحت بی جے پی ایم ایل اے اور دیگر دس افراد کے خلاف نامزد جبکہ 15۔20 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close