Khabar Mantra
اترپردیش

کرنٹ کی زد میں آکر دو لوگ شدید طور پر جھلسے

کرنٹ کی زد میں آکر دو لوگ شدید طور پر جھلسے

دیوبند:دیوبند کے قریبی گائوں تھیتکی میں محکمہ بجلی کی لاپرواہی کے چلتے بجلی کی لائن ٹوٹ کر گرنے سے کرنٹ کی زد میں آکر دو افراد بری طرح سے جھلس گئے جنہیں علاج کے لئے دیوبند سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت کو تشویشناک دیکھتے ہوئے پرائیویٹ اسپتال میں ریفر کردیا گیا۔
اس حادثہ کے بعد بڑی تعداد میں گائوں کے باشندے تحریر لے کر دیوبند تھانہ پہنچے اور احتجاج کرتے ہوئے محکمہ بجلی کی لاپرواہی بتایا۔ اسی کے ساتھ ساتھ آج بھارتیہ کسان یونین تومر کے کارکنان ایس ڈی ایم دفتر اور سانپلہ روڈ پر واقع بجلی گھر پر پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے اس حادثہ کا شکار ہوئے کسانوں کو معقول معاوضہ دیئے جانے او ر بجلی کی خستہ حال لائن کو درست کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق دیوبند کوتوالی کے گائوں تھیتکی میں قبرستان کے نزدیک سے گزررہی ہے بجلی کی لائن کا تار ٹوٹ کر زمین پر گرنے سے وہاں سے گزر رہے محمد ناصر ولد نثار اور شاہ عالم ولد شرافت کرنٹ کی زد میں آکر شدید طور سے جھلس گئے۔
اس حادثہ کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی۔ آناً فاناً میں گائوں کے باشندوں نے دونوں زخمیوں کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔ جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک دیکھتے ہوئے انہیں پرائیویٹ اسپتال میں ریفر کردیا۔ موقع پر پہنچے ایس ڈی ایم اور تھانہ انچارج نے حادثہ کے سلسلہ میں تفصیلی معلومات حاصل کی۔ گائوں کے باشندوں نے اس حادثہ کی وجہ محکمہ بجلی کی لاپرواہی بتایا اور کہا کہ مذکورہ لائن گزشتہ کافی وقت سے خستہ حال ہے اور بَلّی کے سہارے اسے روکا ہوا تھا ۔
کئی مرتبہ محکمہ بجلی کو اس سلسلہ میں آگاہ کرایا گیا لیکن اس کے باوجود افسران نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ اس سلسلہ میں گائوں کے سابق پردھان وسیم احمد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بجلی کی جانب سے شکایت کرنے کے باوجود بھی خستہ حال لائن کو درست نہیں کیا گیا جس کے سبب آج یہ بڑا حادثہ رونما ہوا ہے۔
موقع پر پہنچے ایس ڈی ایم دیپک کمار اورمحکمہ بجلی کے ایکس ای این نے کسانوں کو یقین دلایا کہ متأثرین کو معاوضہ کے ساتھ ساتھ محکمہ بجلی کی لائن کو جلد ہی درست کرادیا جائے گا۔ اس موقع پر اشوک تیاگی، فرمان علی، اطہر نقوی، احسان گوڑ، شہزاد ملک، رام کمار، گلفام پردھان، اخلاق، حیات سمیت بڑی تعداد میں کسان موجود رہے۔
دوسری جانب کرنٹ کی زد میں آکر دو لوگوں کے شدید طور سے جھلس جانے سے ناراض گائوں کے باشندوں نے دیوبند کوتوالی پہنچ کر محکمہ بجلی کے افسران کے خلاف تحریر دےتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کرنٹ کی زد میں آئے شاہ عالم کے بھائی شاہنواز نے بڑی تعداد میں گائوں کے باشندوں کے ساتھ دیوبند کوتوالی پہنچ کر تحریر دےتے ہوئے کہا کہ میرا بھائی شاہ عالم اور اس کا پڑوسی ناصر اپنے کھیتوں پر جارہے تھے ، جب شاہ عالم اورناصر زاہد کے مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پرر کھے بجلی کے ٹرانسفارمر سے بجلی کے تار ٹوٹ کر قبرستان کے نزدیک راستے میں گرگیا جس کی زد میں آکر دونوں شدید طور پر جھلس گئے جنہیں فوراً دیوبند سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویشناک دیکھتے ہوئے انہیں چنڈی گڑھ ریفر کردیا۔ تحریر میں بتایا گیا ہے کہ گائوں میں محکمہ بجلی کو لائن خراب اور خستہ حال ہونے کے تعلق سے متعدد مرتبہ اطلاع دی جاچکی ہے ، مگر محکمہ کے افسران نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ جن کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ بڑا حادثہ پیش آیا۔ تحریر میں محکمہ بجلی کے ایس ڈی او ، جے ای سمیت محکمہ بجلی کے افسران کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close