Khabar Mantra
بہار- جھارکھنڈ

بہار کے اسپتال میں بڑی لاپروائی گیا کے مگدھ میڈیکل کالج میں لاش کو چوہوں نے کترا،جانچ کا حکم

)پی این این(

 گیا:بہار کے گیا سے شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہاں کے مگدھ میڈیکل کالج اسپتال کے عملے کی لاپرواہی سے لاش کو چوہوں نےکترا ڈالا۔ ایک شخص کی موت کے بعد ڈیوٹی پر موجود ہیلتھ منیجر نے لاش مردہ خانہ میں رکھنے کی بجائے  ایمرجنسی  سیڑھیوں کے نیچے رکھ دی۔ جس کی وجہ سے جسم کے اعضائ رات کو چوہوں نے کاٹ ڈالے ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے ۔

گیا کے مگدھ میڈیکل کالج کے سپرنٹنڈنٹ گوپال کرشنا نے ڈیوٹی پر موجود ہیلتھ منیجر آصف احمد سے 24 گھنٹے کے اندر وضاحت طلب کی ہے ۔ یہ بھی پوچھا کہ اسے نوکری سے کیوں نہ نکالا جائے ۔

انہوں نے بتایا کہ نوادہ ضلع کے رہنے والے رام جی تیواری کی 24 جولائی کو ایمرجنسی وارڈ میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ اس کے بعد ان  کی لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ لیکن لواحقین نے عملے کو بتایا کہ وہ صبح لاش لے جائیں گے ۔ اس دوران ڈیوٹی پر موجود ہیلتھ منیجر آصف احمد نے لاش کو مردہ خانے میں رکھنے کے بجائے  ایمرجنسی سیڑھی کے نیچے رکھ دیا۔ اس لاش کے کچھ حصوں کو چوہوں نے  کتر ڈالا ۔معلومات کے مطابق رام جی تیواری کی موت کے بعد اہل خانہ نے اسپتال انتظامیہ سے لاش کو لے جانے کے لیے لاش فراہم کرنے کو کہا۔ لیکن ڈیوٹی پر موجود ہیلتھ منیجر ویبھا کماری نے خاندان کو گاڑی فراہم نہیں کی۔ مگدھ میڈیکل کالج کے سپرنٹنڈنٹ نے بھی لاپرواہی پر ویبھا کماری کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ ان کی 10 دن کی تنخواہ کاٹ لی گئی ہے ۔ ساتھ ہی 24 گھنٹے میں وضاحت طلب کی گئی ہے ۔

ڈاکٹر گوپال کرشنا کا کہنا ہے کہ عملے کی لاپروائی کی وجہ سے ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس سے اسپتال کی شبیہ داغدار ہوتی ہے ۔ اس واقعہ میں تحقیقات کے دوران قصوروار پائے جانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ چوتھے درجے کے کارکن سے لے کر ڈاکٹر تک اپنے کام کے ساتھ ایمانداری سے کام لیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے ۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close