Khabar Mantra
اترپردیش

منیش سسودیا کی گرفتاری سے عام آدمی پارٹی کارکنان میں ناراضگی

سہارنپور میں کیاگیا زبردست مظاہرہ ،نائب وزیر علیٰ کی فوری رہائی کامطالبہ

دیوبند:دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر منیش سسودیا کی گرفتاری کو لے کر سہارنپور ضلع کے عام آدمی پارٹی عہدیداران اور کارکنان میں زبردست ناراضگی ہے ۔ منیش سسودیا کی گرفتاری کو لے کر عام آدمی پارٹی اقلیتی سیل کے شکیل ملک کی قیادت میں سہارنپور کے حقیقت نگر رام لیلا میدان میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا اور منیش سسودیا کی فوراً رہائی کے لئے ایک میمورنڈم ضلع مجسٹریٹ کو سونپا ۔ اس موقع پر شکیل ملک نے کہا کہ مرکزی حکومت عام آدمی پارٹی سے دشمنی کی وجہ سے پارٹی کے لیڈران پر غلط الزامات لگاکر گرفتاریاں کررہی ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں عام آدمی پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوف زدہ ہے اسی وجہ سے بی جے پی عام آدمی پارٹی لیڈران کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں پریشان کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی ایماندار حکومت کو بدنام کرنے کے لئے بی جے پی ایماندار وزیر تعلیم کی ایمانداری پر سوال اٹھا رہی ہے ، کیا یہ منیش سسودیا کا جرم ہے کہ انہو ں نے تعلیم کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ عام آدمی کی مقبولیت کے بڑھتے گراف سے بی جے پی خوف زدہ ہے اس لئے وہ ان پر 10ہزار کروڑ کی چوری کا جھوٹا الزام لگا رہی ہے، ان کے خلاف تمام الزامات جھوٹے ہیں ۔ سی بی آئی اور ای ڈی نے ان کے گھر اور گائوں کے چکر لگائے لیکن ان کو کچھ نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جھوٹے مقدمات بناکر ہمارے لیڈران پر الزام لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہو ں نے کہاکہ بی جے پی کو تشویش ہے کہ عام آدمی پارٹی واحد پارٹی ہے جو صرف دہلی میں ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں بھی تبدیلی لاسکتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو فوراً رہا کیا جائے اور عام آدمی پارٹی پر فرضی مقدمات قائم نہ کئے جائیں۔ دیوبند اسمبلی حلقہ کے صدر ڈاکٹر شاہنواز صدیقی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جو ملک میں تبدیلی لاسکتی ہے، اس سے پورے ملک کا مستقبل روشن ہوگا ۔ عام آدمی پارٹی صرف اروند کیجریوال کے ایماندار نظریئے کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایسی سیاست ہرگز نہ کرے جس سے ملک میں انارکی پیدا ہو۔ دھرنا دینے والوں میں عام آدمی پارٹی کے ضلع صدر وشال گوتم ، یوگیش بھیا، مین پال سنگھ، سنجے جین، محمد مرتضیٰ ، وکاس کمار، مہربان عالم، کانتا پرشاد، راجیش تایل، مین پال سنگھ سمیت ضلع کے عہدیداران اور کارکنان موجود رہے۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close