Khabar Mantra
اترپردیش

دیوبند سیٹ جنرل اور سہارنپور میئر سیٹ خاتون کےلئے ہوئی ریزرو

دیوبند:اترپردیش حکومت نے گزشتہ کل دیر شام نگرپالیکائوں کے میئر اور چیئرمین عہدے کی آخری ریزرویشن فہرست جاری کردی ہے ،لکھنؤ ، کانپور، گورکھپور، غازی آباد ، وارانسی، بریلی ، فیروزآباد اور شاہ جہاں پور نگر نگم اس مرتبہ جنرل کوٹے میں رکھے گئے ہیں۔
حکومت نے 17نگر نگموں کے ساتھ ہی کل 760نگرپالیکائوں کے چیئرمین عہدے کی آخری ریزرویشن فہرست جاری کرتے ہوئے 7روز میں اعتراضات مانگے ہیں اور دو روز میں اعتراضات حل کے بعد 14دسمبر کو آخری نوٹیفیکشن جاری ہونے کی امید ہے۔ اس مرتبہ سہارنپور نگر نگم لیڈیز کے لئے ریزرو کی گئی ہے ، جب کہ دیوبند نگر پالیکا چیئرمین عہدے کے لئے یہ سیٹ جنرل کوٹے میں چلی گئی ہے ، اس سے پہلے یہ سیٹ بیک ورڈ کوٹے میں تھی۔ ریزرویشن فہرست آتے ہی امیدواروں میں گزشتہ شام خوشی کا ماحول پیدا ہوگیا ، یہ سیٹ جنرل ہونے سے نگرپالیکا چیئرمین عہدے کے امیدوار خوش ہوگئے ، نگرپالیکا انتخاب کی ریزرویشن فہرست کا انتظار کررہے لوگ گزشتہ دیر شام لکھنؤ سے فہرست جاری ہونے کے بعد اپنے امیدوار کی ہار اور جیت کے اعدادو شمار فٹ کرنے میں لگ گئے ہیں،وہیں امیدواروں نے بھی دیوبند نگرپالیکا چیئرمین عہدہ جنرل ہونے سے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
کیوں کہ اب سبھی امیدوار اس انتخاب میں اپنی قسمت آزما سکتے ہیں اس لئے اب سبھی کو الیکشن کے نوٹیفیکشن جاری ہونے کا انتظار ہے ۔ دیوبند چیئرمین سیٹ جنرل ہونے کے بعد یہاں امیدوار خوش نظر آرہے ہیں کیو ںکہ گزشتہ مرتبہ یہ سیٹ بیک ورڈ کے لئے مخصوص تھی جس کی وجہ سے بہت سے امیدوارو ںکو الیکشن لڑنے کا موقع نہیں ملا تھا لیکن اس مرتبہ نگر پالیکا چیئرمین عہدے کے دعوے داروں کی فہرست کافی لمبی ہے جسے جنرل سیٹ ہونے کی وجہ سے اسے اور بڑاکردیا ہے۔
گزشتہ دیر شام جیسے ہی لکھنؤ سے فہرست جاری ہوئی یہاں امیدواروں کے دفاتر پرخوشی کا ماحول دیکھنے کو ملا ، دیوبند میں سابق اسمبلی رکن معاویہ علی اور موجودہ چیئرمین ضیائ الدین انصاری کا خیمہ مضبوط سمجھاجاتا ہے وہیں بی جے پی بھی اس مرتبہ پوری طاقت کے ساتھ دیوبند نگر پالیکا کے چیئرمین کے انتخاب میں حصہ لے گی ،حالانکہ فی الحال دعوے داروں کی فہرست کافی لمبی ہے اور وقت سے پہلے کچھ نہیں کہا جاسکتاہے کیو ںکہ اس مرتبہ جہاں چیئرمین ضیائ الدین انصاری خود انتخاب نہ لڑکر اپنے بیٹے جمال الدین انصاری کو میدان میں اتار رہے ہیں ۔ اُدھر سابق اسمبلی رکن معاویہ علی بھی پورے زور وشور سے تیاریو ں میں مصروف ہیں ۔اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے تاجر لیڈر منوج سنگھل، ڈاکٹر قمرالزماں قریشی، ونے کمار کاکا، راج کشور گپتا سمیت آدھا درجن اہم امیدوار ہیں۔
،وہیں کانگریس بھی اپنا دائوں چل رہی ہے اوروہ بھی یہاں پر اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی ۔ اسی کے ساتھ ساتھ آل انڈی مجلس اتحاد المسلمین سے بھی کئی دعوے دار سامنے آرہے ہیں ، ان کے علاوہ کئی خواتین اور سماجی کارکن اس مرتبہ انتخابی میدان میں آنے کی تیاریوں میں ہے۔ واضح ہو کہ سہارنپور ضلع میں نگرنگم سمیت 12نگر پالیکائوں کے چیئرمین عہدے کے ریزرویشن فہرست کل دیر شام جاری ہوئی ،نگرنگم سہارنپور میں میئر کا عہدہ لیڈیز کے لئے مخصوص کیاگیا ہے ، گزشتہ انتخاب میں یہ سیٹ پسماندہ طبقے کے لئے ریزرو کی گئی تھی ۔ ضلع سہارنپور کی 4نگرپالیکائوں میں سے نکوڑ اور سرساوہ نگر پالیکا چیئرمین عہدہ پسماندہ طبقے کے لئے ریزرو ہوا ہے۔ گنگوہ اور دیوبند نگر پالیکا چیئرمین کا عہدہ جنرل کوٹے میں آیا ہے ،7نگرپنچایتوں میں سے چھٹمل پور ،نانوتہ، انبہٹہ، بہٹ، رام پور، منہیاران میں چیئرمین عہدہ جنرل کوٹے میں رکھا گیا ہے ۔ تیترو نگر پنچایت چیئرمین عہدہ پسماندہ خاتون اور چلکانہ نگر پنچایت چیئرمین کا عہدہ خاتون کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ فہرست آتے ہی چاروں طرف انتخاب کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ ریاستی سرکار نگرپالیکائوں کے وارڈوں کی آخری ریزرویشن کا نوٹیفیکشن 9یا 10دسمبر تک جاری کرکے الیکشن کمیشن کو سونپ دے گی ۔ میئر اور چیئرمین عہدے کے ریزرویشن کی آخری فہرست 14دسمبر تک جاری ہوجائے گی ،ایسے میں ریاستی الیکشن کمیشن دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں انتخابات کی نوٹیفیکشن جاری کرسکتا ہے۔ 15جنوری تک نتائج کااعلان ہوسکتا ہے ،کچھ نگر پالیکائوں کی مدت جنوری کے پہلے ہفتہ میں ختم ہورہی ہے ،ایسی صورت حال میں ان کے یہاں وقت پر انتخاب نہیں ہوپائیں گے۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close